پاکستانی اسٹبلشمنٹ اور سیاسی جماعتیں

18/11/2017  (7 سال پہلے)   1084    کیٹیگری : سماجی اور سیاسی    قلم کار : انور عباس انور
قیام پاکستان کے فوری بعد ہی اسٹبلشمنٹ نے پر نکالنے شروع کردیے تھے اور سیاسی جماعتوں ( اس وقت ایک ہی جماعت تھی جس کانام مسلم لیگ تھا) پھر بھی اسٹبلشمنٹ کے آقاؤں نے اسے اپنا ہوم ورک مکمل کرنے اور اقتدار کے میدان کے لیے اپنے کھلاڑی تیار کرنے اور رکھنے کی تاکید کر رکھی تھی۔ فوج اور سول بیوروکریسی کے مابین روابط استوار ہوچکے تھے، جس کا ثبوت قائد اعظم محمد علی جناح اور قائد ملت خان لیاقت علی خان کو راستے سے ہتانے کے بعد کی صورتحال کافی شواہد سمجھے جانے چاہئیں۔
 
لیاقت علی خان کی شہادت سے پاکستانی سیاست میں وارد ہونے والے خلفشار کا خاتمہ ایوب خان کے مارشل لا پر ختم ہوا دو دو تین تین ما ہ بعد حکومتوں کی تبدیلی محض اتفاق نہیں ہوتا تھا اس اکھاڑ پچھاڑ کے پیچھے اسٹبلشمنٹ کے فوجی سرخیل ایوب خان کی اقتدار پر قابض ہونے کی ہوس کارفرما تھی۔ 1951 سے 1958کے مارشل لاء کے نفاذ تک جو جمہوریت کی بساط لپیٹنے کے لیے کھیل کھیلا گیا آج کی سیاسی ابتری اور سیاستدانوں کی ناپختگی اسی کی دین ہے۔
 
اسٹبلشمنٹ اپنی مخالف سیاسی جماعتوں اور سیاسی لیڈروں کے راستے میں چھوٹی موٹی موم بتیوں (جماعتوں یا گروہوں) کی ٹولیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرکے عوام کو پیغام دیتی ہے یا گمراہ کرتی ہے اور یہ تاثر پیدا کرتی ہے کہ پاکستانی قوم اس اتحاد یا بانت بانت کی بولیاں بولنے والے چوں چوں کے مربہ کے ساتھ ہے۔ اسٹبلشمنٹ پاکستان کے عوام کوسادہ لوح تصور کرتی ہے اور اپنی مخالف سیاسی جماعتوں اور لیڈروں کے متعلق عوام کے دل و دماغ میں یہ بات بٹھانے کی کوشش کرتی ہے کہ ان کا قائم کردہ اتحاد محب وطن ہے اور باقی غیر محب وطن ہیں۔
 
اپنی خواہشات، پالیسی اور آرزؤں کی تکمیل کے لیے قائم کردہ سیاسی اتحاد کی تشکیل کرتے وقت اس بات کا خیال رکھتی ہے کہ عوام کو باور کرایا جائے کہ یہ اتحاد ہی ان کے مذہبی اور سماجی ضروریات پوری کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اس کے لیے وہ اسلام اور قومیت کو اجاگر کرنے والے الفاظ استعمال کرتی ہے جیسے پاکستان قومی اتحاد (نوستارے والا) گرینڈ ڈیموکریٹک الائینس (گڈا) اسلامی جمہوری اتحاد آئی جے آئی) پاکستان عوامی اتحاد ( مولانا شاہ محمد نورانی اور محمد خانیجو والا اور ٹریکٹر کے نشان والا) قابل ذکر ہیں اور بھی نام گنوائے جا سکتے ہیں۔
 
جبکہ اسٹبلشمنٹ کے خلاف سرگرم جماعتیں آمریت کے خاتمے اور جمہوریت کی بحالی کے لیے عوامی قوت کو مجتمع کرنے کے لیے جو اتحاد قائم کرتی ہیں جن کی تشکیل میں جمہوریت، عوامی قوت کے اظہار کو لازم اور مقدم رکھا جاتا ہے جیسے کہ پی ڈی ایف (پاکستان ڈیموکریٹک فرنٹ) جگتو فرنٹ، پیپلزپارٹی، موومنٹ فار ریسٹوریشن آف ڈیموکریسی (ایم آرڈی) پیپلز ڈیموکریٹک الائینس (پی ڈی ایف) الائینس فا ریسٹوریشن آف ڈیموکرسی ( اے آر ڈی) شامل ہوتے ہیں۔
 
میری بات کی تصدیق جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے حال ہی میں ’’ پاکستان عوامی اتحاد‘‘ کی تشکیل کے اعلان سے ہو جاتی ہے، اس سے قبل ایم کیو ایم کے باغی ارکان پر مشتمل جماعت پاک سرزمین پارٹی کے نام میں بھی اسٹبلشمنٹ کی ترجیحات نمایاں ہیں، اور ابھی چند روز قبل ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی کو ایک پلیٹ فارم پر لانے میں بھی اسٹبلشمنٹ کا کردار کھل کر سامنے آگیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی جانب سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی ایم آئی، ڈی جی آئی ایس آئی اور سپریم کورٹ کو تحریر کردہ خط کے مندرجات بھی منظر عام پر آگئے ہیں ان میں بھی فاروق ستار نے اسٹبلشمنٹ کی مداخلت کا رونا رویا ہے اور لکھا ہے کہ ایک چھوٹے افسر نے انہیں کافی دیر روکے رکھا اور اپنا موقف تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔ فاروق ستار کا خط اسٹبلشمنٹ کی سیاسی معاملات میں مداخلت کا واضح اشارہ ہے۔
 
اسٹبلشمنٹ قومی سطح کی سیاسی جماعتوں کو کنٹرول کرنے کے علاوہ صوبائی سطح کی قوم پرست جماعتوں کو بھی متحد کرنے کے منصوبہ پر کام کر رہی ہے پنجاب میں وہ مسلم لیگ نواز کو شکست سے دوچار کرنے کی خوہش مند ہے تو سندھ میں پیپلز پارٹی کی کامیابی روکنے کے لیے مصروف عمل ہے، پیپلز پارٹی کے خلاف پاکستان بھر میں خصوصا سندھ میں اب تک ہونے والے انتخابات میں یہی سندھ کی قوم پرست جماعتیں متحد کی جاتی رہیں ہیں اور ائندہ ہونے والے عام انتکابات کے لیے بھی سندھ کی قوم پرست جماعتوں کو پیپلز پارٹی کے خلاف ایک کیا جاریا ہے۔ جنرل پرویز مشرف کی سربراہی میں 23 جماعتوں کے ’’ پاکستان عوامی اتحاد‘‘ کی نوید سنائی گئی ہے اتحاد ابھی تشکیل پایا نہیں اور جنرل مشرف اس کے سربراہ مقررہوگئے ہیں۔
 
سندھ میں قوم پرست جماعتیں جن میں ایاز لطیف پلیجو کی پارٹی، پیر پگارا کی فنکشنل مسلم لیگ اور دیگر چھوٹی چھوٹی ٹولیاں ایک پلیٹ فارمپر لائی جارہی ہیں، ممتاز بھٹو کے سندھ نیشنل فرنٹ کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم کروادیا گیا ہے۔ سندھ نیشنل فرنٹ اس سے قبل مسلم لیگ نوازسمیت متعدد جماعتوں میں ضم ہونے کے اعلانات کرچکا ہے اسی طرح مرحوم غلام مصطفی جتوئی کی پیپلز نیشنل پارٹی بھی مسلم لیگ نواز سمیت دیگر میں ضم چکی ہے۔
 
اسٹبلشمنٹ کو بارہا اپنے منصوبوں اور پیش بندیوں کے فیصلوں میں ناکامی سے دوچار ہونا پڑا ہے اور جمہوریت حکومتوں کے خاتمے اور ملک پر آمریت مسلط کرنے کے پروگراموں میں ہمیشہ کامیاب رہی ہے۔ ایوب خان سے لے کر جنرل مشرف کی آشیر باد سے قائم مسلم لیگ قائد اعظم کی حکومت قائم کرنے تک کامیابیوں اور ناکامیوں کی ایک لمبی داستان ہے، لیکن ماننا پڑیگا کہ اسٹبلشمنٹ وقتی ناکامیوں سے دل برداشتہ سیاسی معاملات میں مداخلت کرنے سے الگ ہونے پر تیار نہیں۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں بھی اسٹبلشمنٹ کی سوچ کا عمل دخل ہے، مشرقی پاکستان کی علیحدگی کا صدمہ برداشت کرنے، سیاہ چین گلیشئیر سے ہاتھ دھونے اور کارگل میں ہزیمیت اٹھانے کے باوجود اسٹبلشمنٹ اپنی اصلاح کرنے اور سیاسی معاملات سیاست دانوں اور پارلیمنٹ پر چھوڑنے پر تیار و آمادہ نہیں۔ اس کا سفر کب اور کہاں پہنچ کر ختم ہوگا؟ اس بارے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
 
اگر اسٹبلشمنٹ اپنی اصلاح کرنے کو تیار نہیں تو سیاسی جماعتیں اور ان کے لیڈرز بھی اسٹبلشمنٹ کے ہاتھوں لگنے والے زخموں سے سبق سیکھنے کو آمادہ نہیں ہیں۔ اسٹبلشمنٹ کے سوراخ سے سیاسی جماعتیں اور لیڈرز بار بار ڈسے جاتے ہیں، ہر بار ان کے بچھائے جال میں ہنستے ہنستے پھنس جاتے ہیں بے نظیر بھٹو شہید کی حکومت میں ان کا بھائی میر مرتضی بھٹو ماردیا گیا، نواب اکبر بگتی کو ٹھکانے لگادیا گیا تو یہ سیاسی جماعتیں اور لیڈر خوشی سے تالیاں بجاتے ہیں۔ اب مسلم لیگ نواز کی حکومتوں کے ہوتے ہوئے ان کے لیے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں لیکن باقی لیڈر اور جماعتیں اسٹبلشمنٹ کے ناز اور نخرے برداشت کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ لگتا ہے کہ سیاسی جماعتیں اسٹبلشمنٹ کی زلفوں کی اسیر ہو چکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کریں یا اپنے کمنٹ پوسٹ کریں

اس قلم کار کے پوسٹ کیے ہوئے دوسرے بلاگز / کالمز
بوند بوند پانی کو ترستا گوادر
17/11/2017  (7 سال پہلے)   1177
کیٹیگری : سماجی اور سیاسی    قلم کار : انور عباس انور

ایم کیو ایم کا ملاپ کس کی خواہش
09/11/2017  (7 سال پہلے)   1068
کیٹیگری : سماجی اور سیاسی    قلم کار : انور عباس انور

بلوچ عوام کا دکھ کیا ہے
08/11/2017  (7 سال پہلے)   1151
کیٹیگری : سماجی اور سیاسی    قلم کار : انور عباس انور

کچھ غیر سیاسی باتیں شاتیں
05/11/2017  (7 سال پہلے)   1257
کیٹیگری : سماجی اور سیاسی    قلم کار : انور عباس انور

اپنا بلاگ / کالم پوسٹ کریں

اسی کیٹیگری میں دوسرے بلاگز / کالمز


اپنے اشتہارات دینے کیلے رابطہ کریں